آبی وسائل سے استفادے کا عمدہ ماڈل

چین کو اگر عجائبات کی سرزمین کہا جائے تو ہر گز بے جا نہ ہو گا ، یہاں ہر روز آپ کو نت نئی ایسی چونکا دینے والی خبریں سننے کو ملتی ہیں جنہیں دیکھ کر چین کی کرشماتی معاشی سماجی ترقی کو سمجھنا قدرے آسان ہو جاتا ہے۔اس حوالے سے ابھی ایک تازہ خبر نظر سے گزری کہ چین کے جنوب سے شمال تک پانی کی منتقلی کے منصوبے نے مشرقی اور درمیانی راستوں کے ذریعے ملک کے خشک شمالی علاقوں میں 70 ارب مکعب میٹر سے زیادہ پانی منتقل کیا ہے۔پانی کی منتقلی کے اس میگا منصوبے سے مشرقی اور درمیانی راستوں پر 176 ملین سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں اور 40 سے زائد بڑے اور درمیانے درجے کے شہروں میں معاشی اور سماجی ترقی میں بہتری آئی ہے۔جنوبی حصے سے منتقل ہونے والے 70 ارب مکعب میٹر پانی میں سے بیجنگ، تھیان جن، حہ نان اور حہ بی کو 62.6 ارب مکعب میٹر پانی فراہم کیا گیا ہے، مشرقی روٹ کے پہلے مرحلے میں صوبہ شان دونگ کو 6.77 ارب مکعب میٹر پانی فراہم کیا گیا ہے، جب کہ مشرقی روٹ کے شمال کی جانب پانی کی ہنگامی فراہمی کے توسیعی منصوبے نے دریائے زرد کے شمال میں 630 ملین مکعب میٹر پانی فراہم کیا ہے۔
جنوب سے شمال واٹر ڈائورژن پروجیکٹ کی تیز رفتار ترقی نے آبی وسائل کے تحفظ ، فراہمی آب کے تحفظ ، اور پانی کے معیار اور تحفظ کو یقینی بنانے کی جامع صلاحیتوں میں مسلسل بہتری لائی ہے۔پانی کے معیار کی نگرانی ، سیٹلائٹ ریموٹ سینسنگ ، اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے استعمال نے پانی کے معیار اور حفاظت کے انتظام کو ٹھوس ، ظاہری ، قابل کنٹرول اور قابل انتظام بنا دیا ہے۔چینی ماہرین کی کوششوں سے پانی، زمین اور ہوا میں 24 گھنٹے ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور کنٹرول حاصل کیا گیا ہے، اور اہلکاروں، ٹیکنالوجیز اور فزیکل سہولیات پر مشتمل ایک جامع حفاظتی نظام قائم کیا گیا ہے، جو شمالی علاقوں میں شفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔

شمالی علاقوں میں پینے کا صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنے کے علاوہ، پانی کا رخ موڑنے کا یہ منصوبہ چین کی ماحولیاتی تہذیب اور سبز ترقی کی حمایت میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے۔اس وقت، پانی کی ہنگامی فراہمی کے لئے مشرقی روٹ کا شمال کی جانب جانے والا توسیعی منصوبہ بیجنگ اور مشرقی چین کے صوبے زے جیانگ کے دارالحکومت ہانگ چو کو ملانے والی گرینڈ نہر کو پانی فراہم کر رہا ہے۔اس کوشش کی بدولت، بیجنگ۔ہانگ چو گرینڈ کینال کے مرکزی شہری حصے میں، پانی کا حجم وافر ہے، جو سیاحوں کی کشتیوں کے لئے ہموار سفر کو ممکن بناتا ہے اور بہار کے موسم میں سیاحوں کے لئے ایک خوشگوار تجربہ فراہم کرتا ہے
.
منصوبے کے درمیانی روٹ کے پہلے مرحلے میں ماحولیاتی مقاصد کے لئے شمالی چین کے 50 سے زائد دریاؤں میں 10 ارب مکعب میٹر پانی کو دوبارہ بھرا گیا ہے۔یہ امر قابل زکر ہے کہ بیجنگ سے گزرنے والے 865 کلومیٹر طویل دریائے یونگ دنگ کو 1996 کے بعد پہلی بار مکمل بہاؤ میں بحال کیا گیا ہے۔ منصوبے کا ایک اور مثبت نتیجہ بیجنگ کے میدانی علاقے میں زیر زمین پانی کی گہرائی میں اضافہ ہے ، جس میں مسلسل آٹھ سالوں سے مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے ، 2023 کے آخر تک مجموعی طور پر 10.64 میٹر کا اضافہ ہوا ہے۔

یہ تو محض ایک آبی منصوبہ ہے ، وسیع تناظر میں گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے میں چین میں آبی وسائل کی بقا اور تحفظ کے سلسلے میں تاریخی کامیابیوں کے نمایاں ثمرات برآمد ہوئے ہیں۔چین نے ، پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، پانی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے، سیلاب اور خشک سالی سے بچاؤ کے موئثر اقدامات اپنانے اور آبی ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک ہمہ جہت نظام تشکیل دیا ہے۔آبی وسائل کی غیر مساوی تقسیم کی وجہ سے درپیش مشکلات پر قابو پاتے ہوئے ملک نے عالمی سطح پر میٹھے پانی کے مجموعی وسائل کے صرف 6 فیصد سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد آبادی کی ضروریات کو احسن طور پر پورا کیا ہے۔اس نظام کا ایک بڑا فائدہ اس صورت میں بھی سامنے آیا ہے کہ چین نے طاس پر مبنی روک تھام کے نظام میں مسلسل بہتری، قبل از وقت انتباہی اقدامات، مشقوں اور پیشگی منصوبہ بندی کی مضبوطی اور پانی کے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو سائنسی اور درست طریقے سے استعمال میں لاتے ہوئے بڑے سیلابوں پر قابو پایا ہے۔اس کے علاوہ ، دیہی علاقوں میں پینے کے محفوظ پانی کا دیرینہ حل طلب مسئلہ حل ہو چکا ہے، صاف پینے کے پانی کا مسئلہ جو کروڑوں کسانوں کو نسلوں سے درپیش تھا، تاریخی طور پر حل ہو چکا ہے۔ محدود آبی وسائل کے ساتھ، پانی کا تحفظ چین کے ایجنڈے میں ہمیشہ سرفہرست رہا ہے۔اس ضمن میں 2019 میں پانی کے تحفظ سے متعلق ایکشن پلان جاری کیا گیا اور کئی محاذوں پر کوششیں کی گئی ہیں، جن میں زراعت، صنعت، شہری علاقوں اور دیگر اہم شعبوں میں پانی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ سائنسی ٹیکنالوجی کی اختراعات شامل ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1139 Articles with 432321 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More